ابوظہبی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ہفتے کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں نئی تاریخ رقم کردی۔
انہوں نے پی ایس ایل 6 میں 500 رنز مکمل کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کیریئر میں بھی 2 ہزار رنز مکمل کرلیے۔ وہ یہ دونوں کارنامے انجام دینے والے پہلے پلیئر ہیں۔
ابوظبی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف کراچی کنگز کے میچ میں بابر اعظم 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے ساتھ پی ایس ایل 6 میں بابر اعظم کے رنز کی تعداد 501 ہوگئی ۔
وہ پاکستان سپر لیگ کے کسی بھی ایک ایڈیشن میں 500 رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔
اس سے قبل بھی پی ایس ایل کے کسی ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بابر اعظم کے پاس ہی تھا جو انہوں نے گزشتہ سیزن میں 473 رنز بناکر حاصل کیا تھا ۔ موجودہ سیزن میں بابر اعظم کا اوسط 71.57 ہے ۔
اس اننگز کے دوران بابر اعظم نے اپنے پی ایس ایل کیریئر میں دو ہزار رنز بھی مکمل کرلیے ۔ بابر اعظم پاکستان سپر لیگ میں مجموعی طور پر دو ہزار رنز بنانے والے پہلے بیٹسمین ہیں۔ ان کے پی ایس ایل کیریئر میں مجموعی رنز 2017 ہوگئے ہیں۔
پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں بابر اعظم کے بعد دوسرا نمبر کامران اکمل کا ہے انہوں ٹورنامنٹ میں اب تک 1763 رنز بنائے ہیں۔