لاہور: پنجاب اسمبلی کے اسپیکر و مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویزالٰہی سے قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے وفد نے ملاقات کی۔
اسپیکر چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں آئندہ اسمبلی اجلاس بھی احسن انداز سے چلانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کو ختم نبوتﷺکے حوالے سے آیات اور احادیث سے آراستہ کرنے کا شرف عطا ہوا ہے، یہ عمارت حقیقی معنوں میں اسلامی روایات کی عکاس اور پاکستانی عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے۔
حمزہ شہباز نے چوہدری پرویزالٰہی کی اسمبلی کی نئی عمارت کے حوالے سے کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اسمبلی اجلاس کا پُرامن ماحول میں منعقد ہونا سیاسی روایات کو پروان چڑھانے کی جانب اہم قدم ہے۔