اسکردو:وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کو کرپشن کے مقدمات میں سزا ہو چکی ہے۔
اسکردو میں صحافیوں سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ گلگت بلتستان سی پیک کے اہم روٹ پر ہے لیکن ماضی کی حکومتوں نے گلگت بلتستان کے انفراسٹرکچر پر کوئی توجہ نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں سیاحت کو فروغ ملا ہے، پی آئی اے نے ماضی کے مقابلے زیادہ فلائٹس کھولی ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ نوازشریف اور مریم نواز کو کرپشن کے مقدمات میں سزا ہو چکی ہے جبکہ نواز شریف ملک سے فرار ہیں، انہیں واپس لانا ہے تاکہ سزا پوری کریں۔
ان کا کہنا تھاکہ نواز شریف کو جیل میں نہیں رکھنا چاہتے، چاہتے ہیں کہ وہ لوٹی ہوئی رقم واپس کریں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ عدالت سے شہبازشریف کے کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی درخواست کرچکے ہیں۔