اسلام آباد : پارک لین کیس میں گرفتار سابق ممبرسی ڈی اے میاں وحید الدین نے کئی نام اگل دئیے ، جس کے بعد نیب نے سی ڈی اے کے کرپٹ افسران کی لسٹ تیار کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری کے خلاف پارک لین ریفرنس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار سابق ممبرسی ڈی اے میاں وحیدالدین نےکئی اورنام اگل دئیے جبکہ سی ڈی اے کے کرپٹ افسروں کے نام بھی بتائے۔
نیب نے میاں وحید الدین کے گھر سےسی ڈی اے کی اہم فائلیں برآمد کی تھی ، گرفتار سابق ممبرسی ڈی اے کے بیان کی روشنی میں نیب نے سی ڈی اے کے کرپٹ افسران کی لسٹ تیار کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق کیس میں ایک سابق ایڈوائزر کا بھی نام سامنے آ گیا، پارک لین کو اراضی کی منتقلی میں سابق ایڈوائزر نے بھی کردار ادا کیا۔
یاد رہے 12 جون کو نیب نے 118 کنال زمین غیر قانونی طور پر آصف زرداری کی کمپنی کے نام منتقل کرنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا تھا ، جس میں سابق ممبر سی ڈی اے اسلام آباد میاں وحیدالدین اور تحصیل دار اقبال شامل تھے ، ان ملزمان کو نیب نے احتساب عدالت میں پیش کیا، جس پر عدالت نے ملزمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا تھا۔
نیب کے مطابق ان ملزمان نے ایک سو اٹھارہ کنال کی اراضی غیر قانونی طور پر پارک لین کو الاٹ کی تھی، پارک لین کیس آصف زرداری اور بلاول سے منسلک ہے۔