ریاض : سعودی عرب میں روسی بینک قائم کر نے کا عندیہ دے دیا گیا ۔حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور روس کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری کیلئے روسی بینک کے قیام کا عندیہ دیا گیا ہے، اس اقدام سے دونوں ممالک کے تاجروں اور عوام کو بہترین سہولت بھی میسر ہوگی۔
اطلاعات کے مطابق روس کی جانب سے سعودی عرب میں روسی بینک کھولنے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے، اطلاعات کے مطابق سعودی روسی بزنس کونسل نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں روسی بینک کھولنے کی تجویز پیش کی ہے۔
اس تجویز کا مقصد سعودی عرب اور روس کے درمیان تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں میں آسانی پیدا کرنا ہے، نیز اس سے دونوں ممالک کے کاروباری افراد بھی مستفید ہو سکیں گے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں تعینات روس کے سفیرسرگئی کوزلوف، سعودی، روسی بزنس کونسل کے چیئرمین طارق القحطانی، سعودی سرمایہ کاروں اور سعودی ایوان ہائے صنعت و تجارت کونسل کے سربراہ عجلان العجلان کی موجودگی میں تجویز پیش کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اس موقع پر روسی سفیر نے کہا کہ روس سعودی تجارتی تیزی سے فروغ پا رہے ہیں اور مذکورہ تجویز اس وقت کی ضرورت ہے جیسا کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں روسی بینک کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان شراکت اور دوستی مضبوط ہوگی۔
روسی سفیر نے کہا کہ ریاض میں روس نے اپنے سفارتخانے میں کمرشل اتاشی تعینات کردیا ہے۔ اس سے سعودی سرمایہ کاروں کو درپیش اقتصادی رکاوٹیں دور کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریاض میں روسی بینک قائم کرنے کی تجویز پر کام کیا جائے گا، روسی سفیر نے مزید کہا کہ روس اور سعودی عرب کے تعلقات میں وقت گزارنے کے ساتھ ساتھ بہتری آ رہی ہے۔