لاہور، عدالت نے ترک اداکار انگین آلتان سے فراڈ کے کیس میں گرفتار ملزم کاشف ضمیر کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو جعل سازی کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا اور تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم کاشف ضمیر سے تفتیش باقی ہے لہٰذا ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
عدالت نے پولیس کے تفتیشی افسر کے بیان کے بعد ملزم کاشف ضمیر کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کیا جو چند گھنٹوں بعد سنایا گیا۔
عدالت نے پولیس کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے ملزم کاشف ضمیر کو دو روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
واضح رہےکہ ملزم کاشف ضمیر پر ترک اداکار کو پاکستان بلا کر9 کروڑ روپے کا فراڈ کرنے کا الزام ہے۔
ملزم کاشف ضمیر نے انگین آلتان کو پاکستان بلایا اور ٹک ٹاکر نے جعلی کمپنی کا برانڈ ایمبیسیڈر بنانے کے لیے 9 کروڑ کے جعلی چیک بھی ترکی بھجوا دیئے۔
آلتان پاکستان پہنچے تو انکشاف ہوا کہ ان سے فراڈ ہوا ہے جس کے بعد وہ ترکی واپس چلے گئے اور آئی جی پنجاب کو درخواست بھجوائی جس کی بنیاد پر پولیس نے تفتیش کے بعد تھانہ اقبال ٹاؤن میں مقدمہ درج کرلیا۔