اسلام آباد، پاکستان میں مقیم ہندوبرادری مشکل میں گرفتار ، سینکڑوں مردوں کی راکھ کراچی کے شمشان گھاٹ میں جمع ہوگئی ۔
تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدہ تعلقات کی وجہ سے ویزوں کے اجراکی راہ میں رکاوٹیں کھڑی ہیں جس کی وجہ سے کئی لوگ اپنے پیاروں کی راکھ گنگا میں نہیں بہا سکے اور یہ راکھ کراچی کے مختلف شمشان گھاٹوں میں جمع ہوچکی ہے ۔
کراچی کے قدیم میوہ شاہ قبرستان کے اطراف میں ہندو برادری کا تاریخی شمشان گھاٹ بھی موجود ہے جہاں اس وقت 200 کے قریب استھیاں موجود ہیں، سالہا سال پہلے سے یہاں رکھی ان استھیوں کی وجہ یہ ہے کہ مرنے والوں کی خواہش تھی کہ ان کی راکھ بھارت کے دریائے گنگا میں بہائی جائے۔
شری رام ناتھ مہاراج کہتے ہیں کہ یہ تمام استھیاں ان کے پاس ورثاء کی امانت ہیں تاہم ویزا نہ ملنے کے باعث وہ انہیں لے کر بھارت نہیں جا سکے۔
کراچی کی ہندو برادری کا کہنا ہے کہ ویزا نہ ملنے کے سبب وہ اپنی استھیاں نیٹی جیٹی، کوٹری یا سکھر میں بہاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں لیکن دوطرفہ تعلقات بہتر ہو جائیں تو مذہبی رسومات کی ادائیگی اور مذہبی مقامات کی زیارت کے لیے بھارت جانا آسان ہو جائے گا۔