مارکیٹس میں 20 ہزار روپے مزدوری کو یقینی نہیں بنایا جاسکتا: عمرایوب

01:19 PM, 19 Jun, 2021

اسلام آباد( نیو نیوز) وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب کا  کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو کہہ دیا ہے کہ ہماری منزل ایک ہی ہو گی لیکن طریقہ کار مختلف ہوسکتا ہے۔مسلم لیگ ن نے ڈالر کو 100 پر رکھنے کیلئے 24 ارب ڈالر استعمال کیے۔ مارکیٹس میں 20 ہزار روپے اجرت کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔

غیرملکی خبرایجنسی سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے معاشی کاکہنا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے اور ہماری منزل پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہے، اور وزیر اعظم عمران خان اور ان کی معاشی ٹیم نے بھی آئی ایم ایف سے کہا ہے کہ ہماری منزل ہماری ایک ہی ہو گی لیکن ہمارے طریقہ کار میں اختلاف ہوسکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ  قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے روپے کی قدر میں کمی کی بات کی، جب کہ ان کے ہی  وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے یہ سلسلہ شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے ڈالر کی قدر کو مصنوعی طور پر کم کیا، جس کے  باعث ملکی برآمدات پر منفی اثر پڑا اور ہماری درآمدات سستی ہوگئیں، اور ہرچیز باہر سے آنا شروع ہوگئی، مسلم لیگ ن نے 24 ارب ڈالرز صرف روپے کو 100پر رکھنےکے لیے استعمال کیے۔

عمرایوب کا کہنا تھا کہ پاکستان بیرونی قرضوں کی مد میں سالانہ 10 سے 12 ارب ڈالرز لے رہا ہے اور اس  میں سے 90 فیصد رقم سابقہ حکومتوں کے لیے ہوئے قرضوں کی ادائیگیوں پر خرچ ہورہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ جب تک وزارت توانائی کا قلمدان میرے پاس تھا ہم نے آئی ایم ایف کو کہا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اشیا خورونوش چینی، گندم، آٹا اور تیل کی قیمتیں دنیا کے مقابلے میں پاکستان میں کم ہیں۔  ہمارا ملک تیل پیدا کرنے والا ملک نہیں لیکن پھر بھی یہاں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں خطے کی نسبت کم ہیں۔  نجی شعبوں میں مزدور کو کم سے کم اجرت 20 ہزار روپے کی فراہمی ممکن ہے لیکن مارکیٹس میں اسے یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔

مزیدخبریں