نئی دہلی: بھارت کے سابق اولمپمئن ملکھا سنگھ 91 سال کی عمر میں کورونا وائرس کے باعث چل بسے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملکھا سنگھ گزشتہ ایک ماہ سے کورونا کی وجہ سے اسپتال داخل تھے جہاں آج ان کی موت واقع ہوئی ہے۔ ملکھا سنگھ کے بیٹے نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے والد کی موت کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ میرے والد کا ابھی انتقال ہو گیا ہے۔
ملکھا سنگھ 1935 میں پیدا ہوئے تھے۔ انہیں ’’ دی فلائنگ سکھ “ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ۔ سابق بھارتی کھلاڑی نے پہلے بھارتی فوج اور پھر بھارت کی نمائندگی کی اور کئی بین الاقوامی مقابلوں اور اولمپکس میں بھی حصہ لیا۔
یاد رہے کہ پانچ روز قبل ہی ملکھا سنگھ کی اہلیہ اور بھارتی والی بال ٹیم کی سابق کپتان نرمل کور بھی انتقال کر گئیں تھیں۔ وہ کورونا سے متاثر تھیں اور انہوں نے اتوار کی شام 4 بجے آخری سانس لی۔ ان کی آخری رسومات اتوار کے روز ہی چندی گڑھ میں ادا کی گئیں۔