محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کی نوید سُنا دی

09:58 PM, 19 Jun, 2020

لاہور: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آئندہ ہفتے سے باقاعدہ مون سون بارشوں کی خوشخبری سنا دی ہے۔ آج اسلام آباد میں پہلی پری مون سون بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

محکمہ موسمیات نے جڑواں شہروں سمیت لاہور، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، جہلم، ہری پور، ایبٹ آباد، مظفر آباد، ملک کے بالائی علاقوں اور تھرپارکر میں بھی پری مون سون کی نوید سناتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں سے گرمی کی شدت میں بھی نمایاں کمی ہوگی۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ 25 جون سے باقاعدہ مون سون بارشوں کا امکان ہے۔ توقع ہے رواں سال ملک بھر میں اچھی بارشیں ہوں گی۔

بروز ہفتہ مورخہ 20 جون کے روز صوبہ سندھ اور بلوچستان میں موسم شدید گرم رہے گا۔ تاہم اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر اور خیبر پختونخوا میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بھکر، لیہ، ملتان، ڈی جی خان، سکھر، لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد میں گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کی بھی توقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہا۔ تاہم بگروٹ میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ روز دادو 50، موہنجو داڑو 49 اور جيکب آباد میں 48 درجہ حرارت ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزیدخبریں