نئی دلی: مودی سرکار کی منت سماجت کے بعد چین نے لیفٹیننٹ کرنل اور 3 میجر سمیت 10 بھارتی فوجی رہا کر دیئے۔ سرحدی خلاف ورزی پر چینی فوج نے 20 بھارتی فوجیوں کو ہلاک اور 76 کو زخمی کر دیا تھا۔
بھارتی فوجیوں کی رہائی کا فیصلہ میجر جنرل کی سطح پر مذاکرات کے بعد کیا گیا۔ رہائی پانے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل اور 3 میجر بھی شامل ہیں۔ وادی گلوان میں سرحدی خلاف ورزی کرنے والے 20 بھارتی فوجی ہلاک، 76 زخمی جبکہ کئی ہمیشہ کے لیے معذور ہو گئے۔
بھارتی اخبار نے انکشاف کیا کہ چینی فوج نے بھارتی فوجیوں کوخاردار تار سے لپٹے ڈنڈوں سے مارا جس سے وہ موقع پر ہی ڈھیر ہو گئے اور بھارتی فوج میں بددلی پھیل گئی ہے۔
دونوں ممالک میں 1996 میں ہونے والے معاہدے کے مطابق بندوق اور دھماکہ خیز مواد کے استعمال پر پابندی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی وزارت دفاع نے واقعے کے بعد چین سے معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں شروع کر دی۔
معاملے پر روس اور امریکا نے بھی بھارت کی مدد کرنے سے انکار کر دیا تھا، چینی فوج کے ہاتھوں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد مودی سرکار پر سکتہ طاری ہے۔