ویڈیو بنانے کی کوشش،افغان کھلاڑیوں کا مانچسٹر کے ہوٹل میں جھگڑا ہوگیا

ویڈیو بنانے کی کوشش،افغان کھلاڑیوں کا مانچسٹر کے ہوٹل میں جھگڑا ہوگیا

مانچسٹر: گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف میچ سے قبل افغانستان کے کھلاڑیوں کا مانچسٹر کے ہوٹل میں جھگڑا ہوگیا جس کے بعد پولیس کو طلب کرلیا گیا۔انٹرنیشنل میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان کھلاڑی پیر کی شب مانچسٹر کے ایک ہوٹل میں کھانا کھانے گئے جہاں ایک شخص نے ان کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی جس پر کچھ کھلاڑیوں کا جھگڑا ہو گیا۔

مانچسٹر پولیس کے مطابق واقعہ رات سوا 11 بجے بجے پیش آیا جس کے بعد کھلاڑی ہوٹل سے چلے گئے تاہم پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے تاہم کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔افغانستان کی ٹیم انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 398 رنز کے بڑے ہدف کو عبور کرنے میں ناکام رہی اور انہوں نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنائے۔


اولڈ ٹریفرڈ کے میدان میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ مورگن نے 17 چھکے مار کر ایک روزہ میچ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر لیا۔ اوئن مورگن نے 71 بالز پر 148 رنز بنائے۔میچ میں شکست کے بعد افغان کپتان گلبدین نائب کی پریس کانفرنس کے دوران جب صحافیوں نے گزشتہ شب پیش آنے والے واقعہ پر سوالات کیے تو انہوں نے واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کر دیا۔