ریلوے کے ذریعے کراچی سے لاہور کا سفرمحض 10گھنٹوں میں طے کیا جاسکے گا, خواجہ سعد رفیق

ریلوے کے ذریعے کراچی سے لاہور کا سفرمحض 10گھنٹوں میں طے کیا جاسکے گا, خواجہ سعد رفیق


کراچی سے پشاور ٹرین کی رفتار 160کلومیٹرفی گھنٹہ ہوجائے گی اور ٹریک سے خطرناک لیول کراسنگز کا بھی خاتمہ ہوجائے گا‘وفاقی وزیر ریلوے
لاہور (این این آئی) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کے سامنے پاکستان ریلویز کی کراچی سے پشاور تک مین لائن ایم ایل ون کا کنسٹرکشن پلان پیش کردیا گیا ہے ۔ایم ایل ون کاسی پیک کے تحت کنسٹرکشن پلان پاکستان ریلویز کی سی پیک ٹیم کے لیڈر اشفاق خٹک نے ریلوے ہیڈکوارٹرز میں ایک اعلی سطح کے اجلاس میں پیش کیا۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن سے پاکستان ریلویز کی بحالی اور جدت کے ایک نئے دور کا آغاز ہورہا ہے۔ اب وہ وقت دور نہیں کہ پاکستان ریلویز کے ذریعے کراچی سے لاہور کا سفرمحض 10گھنٹوں اور لاہور سے راولپنڈی کا سفر صرف اڑھائی گھنٹوں میں طے کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے پشاور ٹرین کی رفتار 160کلومیٹرفی گھنٹہ ہوجائے گی اور ٹریک سے خطرناک لیول کراسنگز کا بھی خاتمہ ہوجائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان ریلویز سی پیک کے تحت ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے لیے آنے والے چینی ماہرین کو رہائش سمیت ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گا۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز محمدجاوید انور ، مشیر ریلویز انجم پرویز، ممبرفنانس غلام مصطفی،ایڈیشنل جنرل منیجرانفراسٹرکچر ہمایوں رشید، ایڈیشنل جنرل منیجرٹریفک عبدالحمیدرازی، ایڈیشنل جنرل منیجرمکینیکل انصرباللہ، سی پیک ٹیم لیڈراشفاق خٹک اور دیگراعلی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سی پیک کے تحت ایم ایل ون کے ابتدائی ڈیزائن کی مد میں واجب الادا رقم کی پہلی قسط ڈیڑھ ارب ادا کردی گئی ہے۔

مصنف کے بارے میں