اسلام آباد: پاکستان میں ایرانی سفیر مہدی ہنردوست نے کہا ہے کہ قطرتنازع کا تمام ملکوں کو مذاکرات کے ذریعے پرامن حل نکالنا چاہیے ۔خطے میں تنازع کسی کے مفاد میں نہیں ہے ۔ قطر کے معاملے پر سعودی عرب ایران پر محض الزام تراشی کررہاہے ۔
ایک نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو میں ایرانی سفیر نے کہا کہ خطے میں نیا تنازع بیرونی طاقت کی مداخلت کا سبب بن سکتا ہے ۔ کسی دوسرے ملک کی خطے میں مداخلت کسی کے مفاد میں نہیں ۔ ایران نے اپنی پوزیشن واضح کردی تنازع کا حل مذاکرات سے نکالا جائے ۔
دوسری جانب ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے عرب اور افریقی امور حسین جابری انصاری نے قطر کا مختصر دورہ کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے قطری حکام سے دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور امیر قطر کے لیے صدر حسن روحانی کا ایک خصوصی پیغام پہنچایا ۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایک بیان میں بتایا کہ جابری انصاری ایرانی عہدہ داروں کی جانب سے قطری عہدہ داروں کے لیے دوستانہ پیغام لے کر گئے تھے۔
ترجمان نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ اسلامی دنیا کے درمیان اتحاد اور یک جہتی پر زوردیا ہے اور خطے میں امن اور سلامتی کے قیام میں مدد دی ہے۔ایرانی نائب وزیر خارجہ کا یہ دورہ قطری حکام کے ساتھ جاری مشاورت ہی کا تسلسل تھا۔