راولپنڈی: تفصیلات کے مطابق 19ویں رمضان المبارک کو صبح سحری کے بعد نامعلوم ون وہیلرز نے ٹریفک وارڈن سہیل شہزاد کو سکستھ روڈ کے قریب فائرنگ کر کے زخمی کر دیا تھا جو اس وقت آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ بینظیر بھٹو ہسپتال کے ڈاکٹروں کی جانب سے سہیل شہزاد کی حالت تشویش ناک قرار دی گئی جو آپریشن کے بعد سے اب تک ہوش میں نہیں آ سکا۔ سٹی ٹریفک آفیسر یوسف شاہد کے مطابق ملزم کو نیو ٹاﺅن پولیس نے پیپلز کالونی سے گرفتار کیا جس نے دعوی کیا کہ اس نے اپنے دوستوں کو پولیس سے چھڑوانے کے لیے ہوائی فائرنگ کی تھی۔
سی ٹی او نے ملزم کی شناخت جنید عرف جونی کے نام سے کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تفتیش کے دوران ملزم نے پولیس کو بتایا کہ جس وقت اس نے سکستھ روڈ پر فائرنگ کی وہ 70 سی سی موٹر سائیکل پر سوار اور کالی شلوار قمیض پہنے ہوئے تھا۔
سی ٹی او نے مزید بتایا کہ ملزم موبائل چھیننے کی وارداتوں میں بھی ملوث رہ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ون وہیلنگ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈان کا آغاز کر رکھا ہے جو اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کی زندگیاں بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ اب تک ون وہیلنگ کرنے والے 29 موٹرسائیکل سواروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ واضح رہے کہ مری روڈ پر ون وہیلرز پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ سی ٹی او نے والدین کو بھی خبردار کیا کہ وہ اپنے بیٹوں پر نظر رکھیں، خاص طور پر ان پر جنہوں نے اپنی موٹرسائیکلوں میں تبدیلیاں کرا رکھی ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں