خضدار: بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے وڑھ میں سابق وزیراعلی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر مینگل کے گھر کے باہر ایک راکٹ آ کر گرا جس کے نتیجے میں گھر کا مرکزی دروازہ بُری طرح متاثر ہوا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق راکٹ علی الصبح نامعلوم مقام سے فائر کیا گیا۔ وڑھ کے ایس ایچ او عبداللہ بلوچ نے بتایا کہ راکٹ سردار اختر مینگل کے گھر کے مرکزی دروازے کے قریب آ کر پھٹا تاہم واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔ جس وقت راکٹ حملہ کیا گیا سردار عطا اللہ مینگل اور سردار اختر مینگل گھر میں موجود نہیں تھے۔
ایس ایچ او کے مطابق سردار اختر ملک ان دنوں ملک سے باہر ہیں جبکہ سردار عطااللہ مینگل وڑھ سے باہر گئے ہوئے ہیں۔ تاہم واقعے کے وقت سردار مینگل کے گارڈ اور دیگر عملہ گھر کے اندر ہی موجود تھا۔ واقعے کے بعد قلات ڈویژن کے کمشنر محمد غلزئی، ایف سی کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل فضل رسول قادری، خضدار رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل محمد ظفر علی، ڈسٹرکٹ پولیس افسرعبدالرف باریچ اور دیگر افسران نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے۔
دوسری جانب پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ راکٹ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔ سردار اختر مینگل بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ ہیں جو 90 کی دہائی میں وزیراعظم نواز شریف کے دوسرے دورِ حکومت میں وزیرِ اعلی بلوچستان رہے۔
گیارہ مئی 2013 کے عام انتخابات میں وہ بلوچستان سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ ان کا آبائی علاقہ وڑھ ہے جہاں سے انہوں نے کامیابی حاصل کی۔ واضح رہے کہ وڑھ اور خضدار بلوچستان کے حساس ترین علاقوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں