اسلام آباد:آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان پر انعامات کی بارش کر دی گئی، فخر زمان نے بھارتی سورمائوں کے بائولرز کی خوب دھنائی کی اور 114 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ قومی ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں تاریخی فتح کے بعد فخر زمان پر انعامات کی بارش کر دی گئی۔
چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض کے نواسے اور بلال اسٹیل ملز کےسی ای او بلال ملک نے فخر زمان کیلئے 20 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔ واضح رہے قومی ٹیم اور فخر زمان کو انعامات دینے میں ملک ریاض کے خاندان کو خاصی اہمیت حاصل ہے ۔بلال ملک کے علاوہ ملک ریاض کے بیٹے علی ریاض ملک کی طرف سے بھی فخر زمان کے لیے بحریہ ٹائون میں ایک کنال کا پلاٹ اور قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے کے انعامات 10،10 لاکھ روپے کا نقد انعام دینے کا اعلان کیا گیاہے ۔ فخر زمان نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں ڈیبیو کیا اور ان کی پورے ایونٹ میں کارکردگی متاثر کن رہی، انہوں نے چار میچز میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 252 رنز بنائے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔