وزیراعظم شہباز شریف نے عمان کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے تعاون کی پیشکش کردی

04:07 PM, 19 Jul, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے عمان کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے تعاون کی پیشکش کردی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی کی ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم نے مسقط کے ضلع وادی کبیر میں امام بارگاہ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور شہید پاکستانیوں کی میتوں کی واپسی اور زخمیوں کے علاج کے لیے عمان کے تعاون کو سراہا۔شہباز شریف نے سلطان ہیثم بن طارق کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، ملاقات میں وزیراعظم نے سلطان عمان کے ساتھ عیدالاضحی و عیدالفطر پرٹیلیفونک رابطوں کا ذکر بھی کیا۔

وزیراعظم کی طرف سے سلطان ہیثم بن طارق کو دورہ پاکستان کی دعوت دینے کا اعادہ کیا گیا۔وزیرا عظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عمان کے تعلقات مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافت پرمبنی ہیں، انہوں نے تجارت، توانائی، دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کا تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کے لیے وفد کو دورہ پاکستان کی ترغیب پر سفیر عمان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ باہمی طور پر مفید نتائج کے حصول کے لیے عمان کے وفد کو مکمل تعاون فراہم کریں گے۔

عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی نے سلطان عمان کی طرف سے وزیراعظم محمد شہبازشریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں