'پیارے شوہر میں تمھیں طلاق دیتی ہوں' دبئی کی شہزادی کا انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے شوہر کو طلاق د ینے کا اعلان

11:21 AM, 19 Jul, 2024

دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کے حکمران اور شیخ محمد بن راشد المکتوم کی صاحبزادی شیخہ مہرہ بنت محمد بن راشد المکتوم نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے شوہر کو طلاق دے دی۔

یہ اعلان شہزادی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے کیا گیا جس میں مختصر الفاظ میں تعلق ختم کرتے ہوئے لکھا گیا کہ: ’پیارے شوہر‘ میں تمھیں طلاق دیتی ہوں، میں تمھیں طلاق دیتی ہوں، اور میں تمھیں طلاق دیتی ہوں۔‘پوسٹ میں آخر میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’اپنا خیال رکھنا، تمھاری سابقہ اہلیہ۔‘

بظاہر اس پوسٹ میں اسلامی روایات کے برعکس شہزادی نے خلع کے لیے عدالت یا اسلامی مرکز سے رجوع کرنے کے بجائے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے شوہر کو طلاق دی ہے لیکن پوسٹ میں اسلامی روایات کے مطابق تین بار طلاق دی گئی ہے۔

شہزادی مہرہ کی شادی گزشتہ سال اپریل کے ماہ میں ہی کافی دھوم دھام سے منعقد ہوئی تھی اور صرف دو ماہ قبل ان کی پہلی اولاد پیدا ہوئی۔

شہزادی کے والد شیخ مکتوم متحدہ عرب امارات کے وزیرِ اعظم ہیں اور دنیا میں گھڑ سواری اور گھوڑوں کی دوڑوں میں ایک بڑا نام رکھتے ہیں۔ شیخ محمد کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کی مختلف بیویوں میں سے 23 بچے ہیں۔

مزیدخبریں