لاہور: خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے پاکستان میں واقع براڈ پیک سر کرنے کی طرف پیش قدمی شروع کردی ہے۔8051 میٹر بلند براڈ پیک دنیا کی 12 ویں بلند ترین چوٹی ہے جس کو سر کرنے کیلئے نائلہ کیانی منگل کے روز بیس کیمپ سے روانہ ہوئی تھیں تاہم اب نائلہ کیانی 6100 میٹر پر براڈ پیک کے کیمپ ٹو پر پہنچ چکی ہیں۔
پاکستانی خاتون کوہ پیما اگلے 2 روز میں براڈ پیک سمٹ پر پہنچ جائیں گی، براڈ پیک نائلہ کیانی کی 8000 میٹر سے بلند آٹھویں کلائمب ہے، کامیاب سمٹ کی صورت میں نائلہ کیانی منفرد اعزاز حاصل کرلیں گی۔نائلہ کیانی پاکستان کی تمام "8 ہزار بلند چوٹیاں " سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بننے کا اعزاز اپنے نام کریں گی ۔
کوہ پیما نائلہ کیانی اس سے قبل پاکستان میں کے ٹو، گیشربرم ون، گیشربرم ٹو اور نانگا پربت سر کرچکی ہیں یہی نہیں نائلہ نے نیپال میں ایوریسٹ، اناپورنا اور لوٹسے کو بھی سر کیا ہے۔