اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے سابق وزیر اعظم کے خلاف سائفر سے متعلق بیان ریکارڈ کرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق سیکریٹری نے علاقہ مجسٹریٹ کو دفعہ 164 کے تحت بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ امریکی سائفر ایک سوچی سمجھی سازش تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ سائفر کو سیاسی مقاصد کے لیے سابق وزیر اعظم نے استعمال کیا۔
پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے ریکارڈ کرائے گئے بیان میں انکشاف کیا کہ چئیرمین تحریک انصاف نے تمام تر حقائق کو چھپا کر صرف اپنی حکومت بچانے کے لیے سائفر کا جھوٹا اور بے بنیاد بیانیہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ چیئر مین پی ٹی آئی نے تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لیے سائفر کو بیرونی سازش کا رنگ دیا۔سابق پرنسپل سیکریٹری نے انکشاف کیا کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ سائفر کو غلط رنگ دے کر عوام کا بیانیہ بدل دوں گا۔ اعظم خان نے کہا کہ بعد ازاں سائفر کی کاپی مجھ سے لے لی گئی اور پھرکہا کہ اب گم بھی گئی ہے۔
اعظم خان کا کہنا تھا کہ منع کرنے کے باوجود ایک سیکرٹ مراسلہ کو عوام میں ذاتی مفاد کے لیے لہرایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چئیرمین تحریک انصاف نے سائفر ڈرامےکے ذریعے عوام میں ملکی سلامتی اداروں کے خلاف نفرت کا بیج بویا۔
خیال رہے کہ اعظم خان گزشتہ کچھ دنوں سے لاپتہ تھے اور ان کی خاندان نے سابق سیکریٹری وزیر اعظم کی گمشدگی کا مقدمہ بھی درج کروا رکھا ہے جبکہ حکومت کی طرف سے یہ موقف سامنے آیا تھا کہ اعظم خان کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کی تحویل میں نہیں۔