حکومت اپنی مدت پوری کرے گی: خواجہ سعد رفیق

06:45 PM, 19 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ۔ جھوٹ ، فتنے اور سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔

پی ڈی ایم اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج اتحادی جماعتوں کے قائدین کا اجلاس ہوا ، جس میں پاکستان کی سیاسی ، معاشی صورتحال اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کے ساتھ شامل صوبائی حکومتوں کو حق ہے وہ اپنی مدت پوری کرے ۔ ہمیں اپنی حکومتی مدت پوری کرنے کا آئینی حق حاصل ہے ۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ پنجاب ضمنی انتخابات کسی جماعت کی مقبولیت کا پیمانہ نہیں ، ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے 2018 کے مقابلے زیادہ ووٹ لیے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک گمراہ آدمی ہے ۔ عمران خان نے گمراہوں کا ٹولہ بنا رکھا ہے ۔ عمران خان سازش کے ذریعے اقتدار تک پہنچے ۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر حکومت کی اتحادی جماعتوں اور پی ڈی ایم کے قائدین آج لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر جمع ہوئے ۔ اجلاس میں پنجاب کے ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد کی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا ۔

اتوار کو پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 15 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) صرف چار نشستیں جیت سکی جبکہ ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی ۔

مزیدخبریں