کولمبو: گال ٹیسٹ کے چوتھے دن کے اختتام پر پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنا لیے ۔
گال ٹیسٹ کے چوتھے دن پاکستان کی پوزیشن کافی مستحکم دکھائی دی ، 342 رنز کے تعاقب میں شاہینوں نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے ہیں ۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق 112 اور محمد رضوان 7 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں ۔ کپتان بابراعظم 55 ، امام الحق 35 اور اظہر علی 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ پاکستان کو جیت کے لیے 120 رنز درکار ہیں ۔ سری لنکا کی جانب سے جے سوریا نے 2 وکٹیں حاصل کیں ۔
پہلی اننگز میں پاکستان کی ٹیم سری لنکا کے 222 رنز کے جواب میں 218 رن بنا سکی ۔ ایک مرحلے پر پاکستان کی بیٹنگ سخت مشکلات کا شکار نظر آئی جب صرف 85 رنز پر سات وکٹ گر چکی تھیں ۔ پاکستان کی طرف سے عبد اللّٰہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ابتدا ہی میں پاکستان کی بیٹنگ مشکلات میں گھر گئی کیونکہ دونوں کھلاڑی بالترتیب 13 اور 2 رنز بنا کر پویلین روانہ ہو گئے ۔ اس کے بعد اظہر علی بھی صرف 3 رن ہی بنا سکے ۔
پاکستان کے کپتان اور اوپننگ بلے باز بابر اعظم کی شاندار سنچری نے پاکستان کی پوزیشن کو کسی حد تک بہتر کیا ۔ بابر اعظم نے 119 رن بنائے جس میں 2 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے ۔ سری لنکا کی طرف سے پربت جے سوریا نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔