اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ہے۔بھارت کشمیر میں غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل دے کر اور کشمیریوں کی نسل کشی سے کشمیر کا آبادی ڈھانچہ تبدیل کررہا ہے۔
صد ر ڈاکٹر عارف علوی نے آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے ملاقات کے دوران کہا کہ ہندوتوا کے نسل پرستانہ نظریے سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں،مودی سرکار نہتے اور معصوم کشمیریوں کے خلاف ظالمانہ ہتھکنڈوں سے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا۔
صدر مملکت کا کہناتھا عالمی برادری کشمیر میں مسلمانوں کے خلاف بھارتی مظالم اور نسل پرستی پر مبنی پالیسی کا نوٹس لے۔عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا وعدہ پورا کرے۔پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔