اسلام آباد:وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے میں ہماری تحقیقات مکمل ہو چکیں ،ہماری ذمہ داری تھی جو ہم نے مکمل کر لی ،سوشل میڈیا پر جو بھی چل رہا ہے وہ بھارت چلا ر ہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تحقیقات ہماری ذمہ داری تھیں جو ہم نے مکمل کرلی ہیں،معاملے میں شامل چاروں گاڑیاں ہماری تحویل میں ہیں،گاڑیوں کے ڈرائیورز سے تفتیش مکمل کرلی ہے،پہلے ہمیں راولپنڈی سے متعلق معلومات نہیں مل رہی تھیں آج مل گئیں،ضرورت پڑی تو چاروں ڈرائیور میڈیا کے سامنے لائیں گے۔
شیخ رشید نے کہا مجھ پر تنقید ہو رہی ہے کہ 4 بے گناہوں کو جیل میں ڈال دیا،مریم نواز میرے ساتھ جھوٹے بیان منسوب کر رہی ہے ،یہ پاکستان کے دشمنوں کےایجنڈے پر کھیل رہے ہیں،مریم نواز مودی کیخلاف بات کیوں نہیں کر رہیں؟مریم کیوں نہیں کہہ رہیں ملکی سلامتی کیخلاف بھارت نے ڈرامہ کیا،آزاد کشمیر الیکشن سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا 25 جولائی کو یہ ہار جائیں گے اس روز ان کا رونا سنیے گا،ان کے رونےد ھونے کی وجہ سے الیکشن پر سیکیورٹی میں اضافہ کیا،یہ لوگ آج وہ ہی بیانیہ دے رہے ہیں جو دشمن کا ایجنڈا اور دشمن کا میڈیا کہہ رہاہے ۔
شیخ رشید کا کہنا تھا یہ جو مرضی کرلیں 25 کو پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی،یہ ہارے ہوئے لوگ ہیں ،ہارنے پر رونا دھونا کریں گے۔
داسو ڈیم پر حملے سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے چین سے تحقیقات کیلئے 15 لوگ آئے تھے تقریباً آدھے چلے گئے ہیں،عالمی سطح پر پاکستان کیخلاف ایسے حالات پیدا کئے جار ہے ہیں،انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا پاکستان کے بجائے یہ حملہ آوروں کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں،مریم نواز جو صورتحال پیدا کرنا چاہتی ہیں اس میں ناکام ہوں گی۔