ڈی جی خان بس حادثہ، ، ڈرائیور ریس کی تار ہاتھ سے پکڑ کر گاڑی چلا رہا تھا

02:23 PM, 19 Jul, 2021

ڈیرہ غازیخان: ڈیرہ غازی خان میں مسافربس اور ٹریلر کے درمیان ہونے والے خونریز تصادم ہوا اور بدقسمت بس سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ حادثے کا شکار بس تکنیکی اعتبار سے مس فٹ نکلی، اڑتالیس مسافر وں کی گنجائش تھی  اوربس میں اٹہتر افراد سوار تھے جبکہ ٹیکنیکل اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ پر متاثرہ بس کا معائنہ کرنے کے بعد یہ انکشاف کیا۔

آر پی او ڈیرہ غازی خان فیصل رانا نے میڈیا کو بتایا کہ واقعے کا خطرناک پہلو یہ ہے کہ بس کا ایکسلیٹر ناکارہ تھا، ڈرائیور ریس کی تار ہاتھ سے پکڑ کر گاڑی چلارہا تھا سنگین انسانی غفلت کے باعث سیالکوٹ سے ڈی جی خان تک بس کو کہیں نہیں روکا گیا ، اور نہ ہی اس کا چالان ہوا۔

دوسری طرف حادثے میں جاں بحق مسافروں کی تعداد چونتیس تک جاپہنچی ہے، ٹیچنگ اسپتال میں زیر علاج مزید سات مسافر دوران علاج دم توڑ گئے جبکہ چالیس سے زائد زخمی تاحال زیر علاج ہیں، جن میں بیشتر کی حالت نازک ہے۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق بیشتر افراد مزدور تھےجو سیالکوٹ میں کام کرتے تھے اور عید منانے گھروں کو واپس آ رہے تھے اور سانحے میں جاں بحق افراد میں چار سگے بھائی بھی شامل ہیں۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ چھبیس افراد کی میتیں آبائی علاقوں کو منتقل کی جا چکی ہیں۔

مزیدخبریں