دوحہ: قطر میں ہونے والے مذاکرات میں افغانستان میں جنگ بندی پر اتفاق نہیں ہو سکا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان سیاسی گروپوں اور طالبان نمائندوں کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے اور افغانستان میں جنگ بندی پر اتفاق نہیں ہو سکا۔
طالبان وفد کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کے خاتمے اور قوم کے اتحاد کے لیے کوششیں کرنی چاہییں، اپنے ذاتی مفادات کو نظر انداز کرنا ہو گا۔ مذاکرات میں فریقین نے امن کوششیں جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ عبداللہ عبداللہ کی قیادت میں 7 رکنی حکومتی وفد اور طالبان کے نمائندوں کے درمیان 2 روز سے مذاکرات جاری تھے۔
مذاکرات کے بعد جاری مختصراعلامیہ میں افغانستان میں جاری لڑائی اور تشدد کے واقعات روکنے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا تاہم فریقین نے امن کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان کو قندھار میں داخلے کیلئے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تاہم انھیں اس میں کامیابی ملی۔ افغان حکومت نے صورتحال کے پیش نظر قندھار جیل میں قید طالبان قیدیوں کو ہنگامی طور پر دوسری جگہ منتقل کر دیا ہے۔
ادھر خبریں ہیں کہ افغان حکومت صورتحال کے پیش نظر قندھار میں کرفیو نافذ کرتے ہوئے انٹرنیٹ سروس کو بند کر دیا ہے۔