اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی بھارتی حکومت کے مظالم کے خلاف جدوجہد میں ساتھ دیتے رہیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کے دن کشمیریوں نے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کی تھی اور اس کی یاد میں ہم یوم الحاق پاکستان منارہے۔ ہم کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ساتھ دینے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیریوں کا حق خودارادیت اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے تسلیم کررکھا ہے، کشمیری ہندوتوا نظریے والی بھارتی حکومت کے غیرقانونی اور ظالمانہ اقدامات کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، کشمیریوں کی بھارتی حکومت کے مظالم کے خلاف جدوجہد میں ساتھ دیتے رہیں گے، کشمیریوں کو ایک دن ضرور انصاف ملے گا۔