کراچی: نیب کی گرفتاری سے بچنے کے لیے سابق مشیر خزانہ اور رہنما ن لیگ مفتاح اسماعیل نے سندھ ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کر لی۔مفتاح اسماعیل کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نیب کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں لہذا حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔
سابق مشیر خزانہ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ نیب کے وارنٹ گرفتاری غیر قانونی ہیں اور نیب حکام ہراساں کر رہے ہیں۔رہنما ن لیگ کی جانب سے درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت ضمانت دے جبکہ نیب کے سامنے پیش ہونے کو تیار ہوں۔
سندھ ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کی حفاظتی ضمانت کی درخواست 25 جولائی تک منظور کرتے ہوئے انہیں 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔
عدالت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سابق ایم ڈی پی ایس او عمران شیخ کی حفاظتی ضمانت کی درخواست بھی 5 لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض منظور کر لی گئی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ چھاپے مارنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی کیونکہ نیب نے جب بھی بلایا پیش ہوا ہوں رور مجھے گزشتہ روز تین بجے کے بعد نوٹس ملا تھا۔