واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکی بحری جہاز یو ایس ایس باکسر نے جمعرات کو دفاعی کارروائی کرتے ہوئے ایرانی ڈرون کو مار گرایا ہے جس سے جہاز اور عملے کو سیکیورٹی خدشات تھے۔
امریکی صدر نے اس حوالے سے مزید تفصیلات دیے بغیر صرف ڈرون کو تباہ کرنے سے آگاہ کیا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا ایران کی بین الاقوامی پانیوں میں موجود جہاز کے خلاف کارروائی انتہائی اشتعال انگیز اور دشمنانہ ہے۔ امریکا اپنے مفادات کے تحفظ کا حق رکھتا ہے۔
I want to apprise everyone of an incident in the Strait of Hormuz today, involving #USSBoxer, a U.S. Navy amphibious assault ship. The BOXER took defensive action against an Iranian drone.... pic.twitter.com/Zql6nAUGxF
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) July 18, 2019
ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ دیگر اقوام کو بھی کہتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ مستقبل میں کام کرنے کے لیے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے اپنے جہازوں کی حفاظت کریں۔
امریکی صدر نے دیگر قوموں سے مطالبہ کیا کہ وہ جہازوں کے ذریعے ایران کی بین الاقوامی تجارت کی مذمت کریں۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے مطابق بین الاقوامی پانیوں میں ایرانی ڈرون تباہ کرنے کا واقعہ جمعرات کی صبح 10 بجے کے قریب پیش آیا جب امریکی بحری جہاز یو ایس ایس باکسر خلیج میں داخل ہو رہا تھا۔
پینٹاگون کے ترجمان نے بتایا کہ ایرانی ڈرون خطرناک حد تک جہاز کے انتہائی قریب آیا جس کے بعد جہاز نے اپنا تحفظ یقینی بنانے کے لیے دفاعی ایکشن لیا۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران کے پاس ڈرون گرائے جانے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔