لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز احتساب عدالت میں پیشی کے لیے لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوئیں تو انہوں نے سیاہ رنگ کا قمیض شلوار زیب تن کیا تھا جو توجۂ نگاہ بن گیا۔
مریم نواز شریف کی سیاہ قمیض کے دامن پر ان کے والد میاں نواز شریف کی تصویر چھپی ہوئی ہے۔ ساتھ ہی مطالبہ درج ہے کہ بے گناہ نواز شریف کو رہا کرو۔
اس کے نیچے یہی مطالبہ FREE NAWAZ SHARIF انگریزی میں تحریر ہے۔
اپنی پیشی کے حوالے سے انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسلم لیگ نون کے کارکنوں کے نام پیغام تحریر کیا ہے کہ ’’آپ کا بھی اور آپ کے توسط سے ان سب کا جن کی شفقت اور دعاؤں بھرے بے شمار پیغامات مجھے موصول ہو رہے ہیں بہت بہت شکریہ، یہی محبت اور سپورٹ میرا سرمایہ ہے، آپ سب سلامت رہیں۔‘‘
روانگی کے وقت پارٹی کارکن جاتی امراء میں جمع ہوئے جنہوں نے قیادت کے حق میں نعرے لگائے۔
آج احتساب عدالت میں مریم نواز کی پیشی کے موقع پر فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں اور غیر متعلقہ افراد کا احاطۂ عدالت میں داخلہ بند ہے۔