تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو خطرہ ہے، نیکٹا سربراہ کا انکشاف

03:02 PM, 19 Jul, 2018

اسلام آباد: نیکٹا کے سربراہ ڈاکٹر سلیمان نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو خطرہ ہے اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ تھریٹ الرٹ ہیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے خصوصی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے سربراہ ڈاکٹر سلیمان نے بتایا کہ ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو خطرہ ہے اور اب تک 65 تھریٹ الرٹ آئے ہیں۔

کالعدم تحریک طالبان کی طرف سے سب سے زیادہ تھریٹ الرٹ ہیں جبکہ کالعدم جماعت الاحرار اور داعش سے بھی خطرات آئے ہیں جب کہ میرے پاس ایم کیو ایم لندن کی طرف سے ایک تھریٹ الرٹ ریکارڈ پر ہے۔

مزید پڑھیں: ووٹ کو عزت دو کا نعرہ آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے ہے، پرویز رشید

انہوں نے کہا کہ نیکٹا انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹس کو صوبوں سے شیئر کرتا ہے جن سیاسی قائدین کی زندگیوں کو خطرہ ہے ان کی فہرست کمیٹی کو دی جائے گی۔

ڈاکٹر سلیمان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے لیے زیادہ تھریٹ موصول ہوئے ہیں۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں کو کومبنگ آپریشنز لانچ کرنے چاہئیں جب کہ اضلاع اور تھانوں کی سطح پر کو آرڈینیشن کمیٹیاں قائم کی جائیں۔

نیکٹا سربراہ نے کہا کہ الیکشن عمل کے خلاف کچھ عسکریت پسند گروپ متحرک رہتے ہیں۔ یہ گروپ مخصوص پارٹیوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں