اسلام آباد: سابق وزیراعظم سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کا عزم اسی طرح مضبوط ہے جیسے گرفتاری سے پہلے تھا۔ 25 جولائی کو شیر پر مہر لگا کر عمران خان کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا عوام کا حق ہے۔
سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ مریم نواز نے ملاقات کے دوران بتایا کہ ایک جیل میں ہونے کے باوجود ان کی والد سے آج پہلی ملاقات کرائی گئی۔ اس بات پر دکھ اور تکلیف ہے کہ بیٹی کو باپ سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔
مزید پڑھیں: شیخ وقاص کو جھنگ سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی
انہوں نے کہا کہ ہر قیدی کو حق ہوتا ہے کہ دن میں جیل کے اندر آزادانہ نقل و حرکت کر سکے۔ سزا میں کہیں نہیں لکھا گیا کہ نواز شریف کو قید تنہائی میں رکھا جائے گا۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ہمارے پارٹی امیدوار قمرالسلام راجہ کو گرفتار کیا گیا۔ کیا ایسے انتخاب کو انتخاب کہا جاسکتا ہے اور یہ الیکشن نہیں سلیکشن کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ شفاف انتخابات کرائے نہیں جا سکتے تو انتخابات کا ڈرامہ کیوں رچایا جا رہا ہے۔ ایک فہرست بنا لیں کہ یہ لوگ قومی اسمبلی کے ممبر ہیں اور یہ وزیراعظم ہیں۔
پرویز رشید نے کہا احتساب عدالت نے پوچھ گچھ کے لیے عمران خان کو طلب کیا لیکن ان کی جانب سے جواب آیا کہ وہ انتخابی مہم میں مصروف ہیں اس لیے نہیں آ سکتے جب کہ عمران خان کو نیب کے سامنے پیش نہ ہونے کی سہولت دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جو سہولت عمران خان کو دی گئی ہے وہ پاکستان کے تین بار منتخب وزیراعظم سے کیوں چھینی گئی۔ ایک مقدمہ چار بار چلتا ہے اور چار سزائیں سنائی جاتی ہیں تاہم دوسری جانب کچھ مقدمات سالوں چلتے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں: فوج کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں، ترجمان پاک فوج
پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان اپنے فیصلے خود لکھتے ہیں کہ فلاں تاریخ کو عدالت آؤں گا اور فلاں کو نہیں آ سکتا۔ یہ ناانصافی اس لیے ہے کہ نواز شریف کہتے ہیں ووٹ کو عزت دو اور یہ مطالبہ کرنا کیوں جرم بنا دیا گیا ہے۔
رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے ہے، نوازشریف پر کوئی جرم اور بدعنوانی ثابت نہیں ہوئی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں