ٹیکسلا: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے عوام کو الیکشن ڈے ووٹر نہیں بلکہ انصاف کے ساتھ جج بن کر ووٹ دینے کا فیصلہ کرنا ہے جب کہ شیر کے نشان والوں کی 25 جولائی کو ضمانتیں ضبط ہوں گی۔ انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے اپنے مخالفین کو نشانے پر لئے رکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے مخالفین حواس باختہ ہو چکے ہیں اور ڈر کی وجہ سے حلقہ میں عمران خان کو بلوا لیا ہے جب کہ میں اس حلقے کا منتخب نمائندہ نہیں تھا مگر ٹیکسلا کو تحصیل کا درجہ میں نے دلوایا۔ سوئی گیس دلوائی ، سڑکیں بنوائیں اور وفاداری کرتے ہوئے یہاں خدمت کی۔
مزید پڑھیں: نازیبا زبان کا استعمال: عمران خان آج الیکشن کمیشن میں طلب
چوہدری نثار نے اپنے جلسے میں لیٹ آنے والوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جلسے میں لیٹ آنے والوں کو اہم پیغام دیتا ہوں کہ الیکشن والے دن بھی اسی طرح لیٹ آئے تو کوئی آپکا انتظار نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن نعروں اور تقریروں سے نہیں بلکہ خدمت کی بنیاد پر لڑا جاتا ہے جب کہ شیر کے نشان والوں کی 25 جولائی کو ضمانتیں ضبط ہوں گی۔ یہ شیر نہیں دراصل بلی ہے، بَلے اور بلی کے خلاف جیپ کو ووٹ دینا ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں