نواز شریف،مریم کو تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، نگراں صوبائی وزیر

12:26 AM, 19 Jul, 2018

لاہور:نگراں صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات وقاص احمد ریاض کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل میں تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وقاص احمد ریاض نے کہا کہ ’نواز شریف کو 13 جولائی کو جیل منتقل کیا گیا اور 14 جولائی کو بہتر سہولیات فراہم کی گئیں، انہیں تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور جیل کا میڈیکل اسٹاف ان کا باقاعدہ ٹیسٹ کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:عام انتخابات، پریزائیڈنگ افسران نتائج بذریعہ اسمارٹ فون بھیجیں گے
 
 
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت بہتر ہے، ان کو تمام پھل فراہم کیے جارہے ہیں، انہیں بہترین واش روم بھی فراہم کیا گیا ہے جبکہ ان سے ان کی فیملی بھی مل چکی ہے۔

نگراں صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ ’مریم نواز کو بھی خواتین کے جیل میں تمام سہولیات دی جارہی ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ ’کوئی بھی جیل سے سیاسی مہم نہیں چلا سکتا اگر کوئی جیل کے قانون کی خلاف ورزی کرے گا تو سختی سے نمٹا جائے گا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات ملک مبشر نے کہا کہ ’جیل کے قواعد و ضوابط کے مطابق معاملات چلائے جاتے ہیں، اے کلاس کو ختم کردیا گیا ہے، ایک بہتر کلاس ہے اور ایک نارمل کلاس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف اور مریم نواز کو بہتر کلاس دی جارہی ہے، تمام جیلوں میں خواتین کے لیے بہتر کلاس رکھی گئی ہے۔

مزیدخبریں