پاک فوج کو دھماکا خیز مواد کی نشاندہی کرنے والے 50 جدید ترین آلات 'فیڈو ایکس 3' کی فراہمی

05:07 PM, 19 Jul, 2017

اسلام آباد:  امریکی سفارت خانے کے دفتر برائے دفاعی نمائندہ نے پاک فوج کو دھماکا خیز مواد کی نشاندہی کرنے والے 50 جدید ترین آلات 'فیڈو ایکس 3' فراہم کردیئے۔ یہ جدید آلات پاک فوج کو دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں استعمال کے لیے اس سے قبل مہیا کردہ دیگر آلات کے ساتھ استعمال کیے جائیں گے تاکہ دھماکہ خیز مواد کی نشاندہی کرکے قیمتی جانوں کو محفوظ بنانے میں مدد حاصل کی جاسکے۔ 'فیڈو ایکس 3' ایک جدید ترین دستی آلہ ہے جس کی مدد سے 10 سیکنڈز سے بھی کم وقت میں کسی بھی چیز میں دھماکا خیز مواد کی موجودگی کا پتہ چلایا جاسکتا ہے۔

پاکستان میں امریکی سفارت خانے کے دفتر برائے دفاعی نمائندہ کے سربراہ بریگیڈیئرجنرل کینتھ ایکمن نے دہشت گری کے خاتمے، بالخصوص پاک-افغان سرحدی علاقوں میں امریکا اور پاک فوج کی مشترکہ کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی دھماکا خیز مواد کو غلط ہاتھوں سے دور رکھنا سب کے لیے فائدہ مند ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت نے پاک فوج کو بین الاقوامی معیار کی ٹیکنالوجی کے حامل آلات فراہم کیے ہیں۔دفتر برائے دفاعی نمائندہ کے سربراہ نے کہا کہ 'بم کو روکنے کا بنیادی راستہ یہ ہے کہ بم بنانے والے شخص یا حملہ آور کو بم نصب کرنے سے قبل ہی پکڑلیا جائے، جبکہ یہ آلات عوام کی حفاظت کے لیے پاکستان فوج کی جانب سے استعمال کیے جانے والے پہلے سے موجود نظام میں مزید بہتری لائیں گے۔

خیال رہے کہ فیڈو آلات کی فراہمی امریکی حکومت کی جانب سے پاکستانی فوج کو مہیا کی جانے والی 128 ملین امریکی ڈالر کی اعانت کے پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد غیر قانونی دھماکا خیز مواد کا تدارک ہے۔دھماکا خیز مواد کے خلاف پاک-امریکا پارٹنر شپ پروگرام میں ان آلات کے علاوہ بکتر بندگاڑیاں، بم ڈسپوزل روبوٹس، تربیت اور دھماکا خیز مواد کے نمونوں کے تفصیلی تجزیئے کے لیے ایک تجربہ گاہ کا قیام بھی شامل ہے۔دونوں ممالک فرائض کی انجام دہی کے دوران پاک فوج کی قربانیوں کے اعتراف میں اعضا سے محروم ہونے والے افراد کی معاونت کے پروگرام میں بھی شراکت دار ہیں، جس کے نتیجے میں جدید طبی سازو سامان اور تربیت کی فراہمی سے پاک فوج کے میڈیکل ٹیکنیشنز مصنوعی اعضا کی تیاری کے ذریعے معذور ہونے والے افراد کی زندگی بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
  

مزیدخبریں