بھارت میں ایک اور اداکارہ نے خود کشی کر لی

02:41 PM, 19 Jul, 2017

ممبئی: بھارتی میڈیا کے مطابق 27 سالہ بھارتی اداکارہ بدیشا گزشتہ روز گڑ گاں میں واقع اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے اپنے دوپٹے سے گلے میں پھندا لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔ بھارتی ٹی وی کی نامور اداکارہ اور گلوکارہ بدیشا حال ہی میں رنبیر کپور اور کترینہ کیف کے ساتھ فلم جگا جاسوس میں نظر آئی تھیں۔ فلم میں ان کی اداکاری کو بے حد پسند کیا گیا تھا جبکہ وہ اداکاری کے علاوہ مختلف پروگرامز اور ریڈیو میں میزبانی کے فرائض بھی انجام دے چکی تھیں۔

بدیشا کے والد نے اپنی بیٹی کے شوہر نشیت جھا پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بیٹی نے خودکشی نہیں کی بلکہ اس کے شوہر نے اسے یہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کیا ہے۔ انہوں نے اپنی بیٹی کے گھریلو حالات کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی اور داماد کے درمیان تعلقات اچھے نہیں تھے اور ان کے درمیان اکثر گھریلو ناچاقی رہتی تھی جس کی وجہ سے ان کی بیٹی اپنے شوہر سے علیحدگی کی خواہشمند تھی لیکن حالات اتنے خراب ہو گئے تھے کہ میری بیٹی نے تنگ آ کر خودکشی کر لی۔

ان کے والد نے مزید کہا کہ وہ اپنی بیٹی کو فون کر رہے تھے لیکن وہ فون نہیں اٹھا رہی تھی جس کی وجہ سے انہیں تشویش ہوئی اور انہوں نے پولیس کو اطلاع کی پولیس بدیشا کی گھر پہنچی تو دروازہ اندر سے بند تھا جس کی وجہ سے پولیس کو دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونا پڑا۔ پولیس جیسے ہی بدیشا کے گھر میں داخل ہوئی تو دیکھا کہ بدیشا کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی تھی۔ پولیس ڈپٹی کمشنر مسٹر شاہران کا کہنا ہے کہ لاش کے پاس سے کوئی تحریر نہیں ملی۔

بدیشا کے والد کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کے پیش نظر پولیس نے بدیشا کے شوہر کو گرفتار کر لیا ہے جس سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔ واضح رہے کہ بھارت میں اداکاراوں کی خودکشی کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔ گزشتہ ماہ بھارتی ٹی وی کی نامور اداکارہ کرتیکا چوہدری کی لاش بھی ان کے گھر سے بر آمد ہوئی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں