مقابلہ حسن میں جموں و کشمیر کی خاتون بھارت کی نمائندگی کریگی

02:25 PM, 19 Jul, 2017

ممبئی: وکالت کی تعلیم حاصل کرنے والی جموں و کشمیر کی ایک نوجوان خاتون خوبصورتی کے عالمی مقابلے میں بھارت کی نمائندگی کرے گی۔ دعا ثنا جنہوں نے ایف بی بی کلرز ٹی وی فیمینا میں مس جموں و کشمیر 2017 کا اعزاز حاصل کیا۔ اب وہ جنوبی امریکی ملک ایکواڈور میں ہونے والے مس یونائیٹڈ کانٹیننٹ 2017 کے مقابلہ حسن میں حصہ لیں گی۔ دعا ثنا اس مقابلے میں ایک خود مختار ریاست کے بجائے بھارت کی جانب سے نمائندگی کریں گی۔

اس ایونٹ میں دعا ثنا سمیت دنیا کے 53 ممالک، ریاستوں اور خودمختار علاقوں کی لڑکیاں حصہ لیں گی۔ اس مقابلے کا انعقاد ہر سال ستمبر میں کیا جاتا ہے۔ مس یونائیٹڈ کانٹیننٹ 2016 کا مقابلہ تھائی لینڈ کی ایک لڑکی نے جیتا تھا جب کہ اس بار بھارت، جنوبی امریکی ممالک سمیت وسطی ایشیائی اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی حسینائیں حصہ لے رہی ہیں۔

دعا ثنا نے اپنے انسٹاگرام اور فیس بُک پر تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ رواں برس 23 ستمبر کو ایکواڈور میں ہونے والے عالمی مقابلے میں بھارت کی نمائندگی کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ وہ مس یونائیٹڈ کانٹیننٹ میں بھارت کی نمائندگی کریں گی۔ دعا ثنا کا کہنا تھا کہ اچھی چیزیں یا اچھے مواقع آسانی سے نہیں آتے اور انہوں نے اس موقع کے لیے بہت انتظار کیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں