جی 20 سربراہی اجلاس کے دوران صدر ٹرمپ اور ولادی میر پیوٹن کے درمیان دو خفیہ ملاقاتیں

12:03 PM, 19 Jul, 2017

واشنگٹن:وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے روسی ہم منصب صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان جرمنی میں ہونے والے جی 20 کے سربراہی اجلاس کے موقع پر دو بار خفیہ ملاقات ہوئی تھی۔دونوں صدور کے درمیان باضابطہ ملاقات کے بعد یہ غیر رسمی ملاقات ہوئی تاہم اس بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں کہ آیا انھوں نے اس دوران کیا بات چیت کی۔

خیال رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پوتن کے درمیان تعلقات امریکی صدارتی انتخاب کے دوران مبینہ روسی مداخلت کے باعث شدید دباو میں ہیں۔امریکی انٹیلی جنس اداروں کو لگتا ہے کہ روس نے ڈونلڈ ٹرمپ کی گذشتہ سال ہونے والے صدارتی انتخاب میں مدد کی تھی تاہم روس اور ڈونلڈ ٹرمپ ان الزامات کو مسترد کر چکے ہیں۔جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر دونوں اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان رسمی ملاقات دو گھنٹے تک جاری رہی جس میں دیگر مسائل کے علاوہ امریکی انتخابات میں روس کی مبینہ دخل اندازی کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

جبکہ دوسری ملاقات ہیمبرگ میں جی20 اجلاس کے دوران نجی کھانے پر ہوئی۔اس موقع پر امریکی صدر تنہا تھے جبکہ صدر ولادیمیر پیوٹن کے ہمراہ ان کے سرکاری مترجم تھے۔ امریکی میڈیا کے مطابق یہ ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ملاقات میں زیر بحث چیزوں کے بارے میں وائٹ ہاؤس کو خود صدر ٹرمپ نے ہی آگاہ کیا کیونکہ اس موقع پر وہاں کوئی دوسرا امریکی اہلکار موجود نہیں تھا.

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں