اسرائیلی پولیس کا تشدد، قبلہ اول کے خطیب سمیت 14 فلسطینی زخمی

11:52 AM, 19 Jul, 2017

یروشلم: قابض صہیونی پولیس  نے مسجد اقصیٰ کے باہر احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتے ہوئے قبلہ اول کے امام و خطیب الشیخ عکرمہ صبری سمیت 14 فلسطینیوں کو زخمی کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مسجد اقصیٰ کے باب الاسباط کے باہر نماز عشا کے لیے جمع فلسطینی نمازیوں پر اسرائیلی پولیس نے تشدد کیا جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی زخمی ہو گئے۔

زخمیوں میں سے بعض کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں جب کہ بعض کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ حرم قدسی اور مسجد اقصیٰ میں داخلے پر عائد کردہ اسرائیلی پابندیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی پولیس نے دھاتی گولیوں اور صوتی بموں سے حملہ کیا۔

عینی شاہدین کے مطابق مسجد اقصیٰ کے اطراف میں سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں