کیلیفورنیا :معروف میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرایا ہے۔ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا (Beta) ورژن میں اسٹیٹس اپ ڈیٹس میں میوزک شامل کرنے کا آپشن پیش کیا جا رہا ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق، واٹس ایپ کے اسٹیٹس سیکشن میں ایک نیا میوزک آئیکون شامل کیا گیا ہے، جو ڈرائنگ ایڈیٹر کے اوپر نظر آئے گا۔ صارفین اس آئیکون پر کلک کرکے اپنی پسندیدہ موسیقی تلاش اور اسے اسٹیٹس کا حصہ بنا سکیں گے۔
تصویر مبنی اسٹیٹس کے لیے 15 سیکنڈ کا میوزک شامل کیا جا سکے گا۔
ویڈیو کلپ کے لیے مختلف دورانیے کے گانے سلیکٹ کیے جا سکیں گے۔
گانا منتخب کرتے وقت صارفین کو کسی مخصوص سیکشن کا انتخاب کرنے کی سہولت دی جائے گی۔
یہ نیا فیچر فی الحال واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ اسے تمام صارفین کے لیے کب پیش کیا جائے گا۔
واٹس ایپ کا اسٹیٹس فیچر، جسے اسٹوریز کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، پہلے ہی صارفین میں مقبول ہے۔ یہ نیا اضافہ اس فیچر کو مزید پُرکشش اور انٹرایکٹیو بنانے میں مدد دے گا۔