اسلام آباد : وزارتِ خارجہ نے مراکش میں حالیہ حادثے میں بچ جانے والے 21 پاکستانیوں کی فہرست جاری کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، ان افراد میں مدثر حسین، وسیم خالد، محمد خالق، عبدالغفار، گل شمیر، تنویر احمد، عباس کاظمی، غلام مصطفیٰ، بدر محی الدین اور عمران اقبال شامل ہیں۔
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی سفارتی مشن نے رباط میں متاثرہ افراد کو فوری طور پر امداد فراہم کی۔ اس میں کھانا، پانی، ادویات اور ضروری اشیاء شامل تھیں۔ مقامی حکام نے بھی پناہ گاہیں اور طبی سہولتیں فراہم کیں۔
ترجمان کے مطابق، سفارتخانے کی قونصل ٹیم اس وقت متاثرہ علاقے میں موجود ہے اور مراکش کے حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ بچ جانے والوں کی وطن واپسی کے عمل کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزارتِ خارجہ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔