مریم نواز نے سڑکوں اور صحت کے مراکز کی تعمیرات جلد مکمل کرنے کے احکامات دے دیے

مریم نواز نے سڑکوں اور صحت کے مراکز کی تعمیرات جلد مکمل کرنے کے احکامات دے دیے

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں زیرتعمیر سڑکوں اور صحت کے مراکز کی تعمیرات جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

مریم نواز کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب بھر میں جاری سڑکوں اور صحت کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ روڈ بحالی پروگرام کے تحت 462 منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے، جن میں سے 455 پر کام جاری ہے اور 25 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ، روڈ بحالی پروگرام فیز ٹو کے تحت 72 اسکیموں کی منظوری ہوئی، اور 24 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سڑکوں کی تعمیر و مرمت مالی سال کے آخر تک مکمل کرنے اور تمام مراکز صحت کی تعمیر و بحالی کا پہلا فیز 30 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں مراکز صحت کی تعمیروبحالی کا 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، اور 54 بنیادی صحت کے مراکز کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ پنجاب بھر میں 1164 بنیادی مراکز صحت پر کام جاری ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف لاکھوں شہریوں کو فائدہ پہنچے گا، بلکہ کھیتوں سے منڈی تک سڑک کی تعمیر سے معاشی سرگرمیاں بھی بڑھیں گی۔ نئے ہیلتھ کلینک سے دور دراز علاقوں کے عوام کو اعلیٰ سہولتیں فراہم کی جائیں گی، اور دیہات کے عوام کو شہروں کے پرائیویٹ کلینکس کا ماحول ملے گا۔

مصنف کے بارے میں