بیجنگ : چین کی معروف کمپنی "رکٹر" نے دنیا کی پہلی فضائی موٹر بائیک "سکائی رائیڈر ایکس 1" متعارف کرادی ہے، جو ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک نئی انقلاب کی پیش گوئی کر رہی ہے۔ یہ بائیک 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے آسمان میں پرواز کر سکتی ہے اور سڑک سے آسمان تک اور آسمان سے سڑک تک منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
"سکائی رائیڈر ایکس 1" ایک انقلابی سواری ہے جسے ایک بٹن کے ذریعے سڑک اور فضاء کے درمیان منتقل کیا جا سکتا ہے۔ سڑک پر یہ ایک برقی بائیک کی طرح چلائی جا سکتی ہے، جب کہ اس کے چاروں بازوؤں کو کھول کر یہ فضائی بائیک میں بدل جاتی ہے۔ پنکھوں کی مدد سے یہ بائیک سوار کو اس کی منزل تک پہنچا دیتی ہے۔
اس بائیک کے دو ورژن دستیاب ہیں جن میں ایکس 1 ایس ایل ہے اور یہ کم قیمت والا ورژن ہے، جو 25 منٹ تک فضاء میں پرواز کر سکتا ہے۔ دوسرا ایکس 1 ایس ایکس ہے یہ زیادہ قیمت والا ورژن ہے جس میں بڑی بیٹری نصب ہے اور یہ 40 منٹ تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس بائیک میں ایک ایمرجنسی پیراشوٹ بھی موجود ہے، جو کسی ہنگامی صورتحال میں سوار کی حفاظت کے لیے کام آتا ہے۔"سکائی رائیڈر ایکس 1" کے متعارف ہونے کے بعد، یہ توقع کی جارہی ہے کہ یہ جدید سواری مستقبل میں ٹرانسپورٹ کی دنیا کو ایک نیا رخ دے سکتی ہے۔