لاہور : معروف گلوکارہ مہناز بیگم کو مداحوں سے بچھڑے ہوئے 12 سال ہوگئے۔ انہوں نے چار دہائیوں تک اپنی آواز کا جادو جگایا اور موسیقی کی دنیا میں ایک منفرد مقام بنایا۔ مہناز بیگم 1955 میں کراچی میں پیدا ہوئیں اور ان کا اصل نام کنیز فاطمہ تھا۔ وہ گلوکارہ کجن بیگم کی صاحبزادی تھیں اور سرسید گرلز کالج سے بی اے کی ڈگری حاصل کی۔
مہناز نے 1972 میں فنِ موسیقی میں قدم رکھا اور اپنے کیریئر کے دوران غزل، ٹھمری، دادرا، خیال، دروپد، سلام، نوحہ اور مرثیہ پر مکمل دسترس حاصل کی۔ پی ٹی وی کے پروگرام ’’نغمہ زار‘‘ میں گائیکی کے ذریعے شہرت حاصل کرنے کے بعد انہوں نے فلم سکرین پر بھی اپنی آواز کا جادو چلایا۔
انہوں نے اپنی مسحور کن آواز سے ریڈیو، ٹی وی اور فلموں میں کئی گیتوں کو زندہ کیا۔ گلوکارہ نے 13 مرتبہ نگار ایوارڈز جیتے اور حکومت پاکستان کی جانب سے صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔ 19 جنوری 2013 کو وہ علاج کے لیے امریکا جا رہی تھیں، تاہم دوران سفر ان کی طبیعت بگڑ گئی اور انہیں بحرین کے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔ ان کی آواز اور ان کے گیت آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔