تل ابیب : اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کا پہلا مرحلہ عارضی ہوگا اور اگر دوسرا مرحلہ ناکام رہا تو جنگ دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔ غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ آج سے نافذ العمل ہو رہا ہے، جس کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔
نیتن یاہو نے جنگ بندی کے باقاعدہ آغاز سے چند گھنٹے قبل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی مغویوں کی فہرست ملنے تک جنگ بندی پر عمل درآمد نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کا پہلا مرحلہ عارضی ہے اور اگر دوسرا مرحلہ بے نتیجہ رہا تو جنگ دوبارہ شروع ہو سکتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں 33 اسرائیلی مغویوں کے بدلے 1000 فلسطینیوں کی رہائی کا امکان ہے۔ دوسری جانب، غزہ میں جنگ بندی کے اعلان کے باوجود اسرائیلی حملوں میں مزید 122 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 33 بچے بھی شامل ہیں۔