پاک ایران کشیدگی، وزیر اعظم کی زیر صدارت آج قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، اہم فیصلے ہوں گے

08:33 AM, 19 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:  پاک ایران کشیدگی پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی صدارت میں آج دوپہر 2بجکر 45 منٹ پر یہ اہم اجلاس ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ایران سے کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اپنا دورہ ڈیوس مختصر کرکے آج وطن واپس پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت اجلاس میں آرمی چیف سمیت دیگر سروسز چیف شریک ہوں گے، اجلاس میں خفیہ اداروں کے حکام بھی شریک ہوں گے۔

 اجلاس میں پاک ایران کشیدگی پر بریفنگ دی جائے گی، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں امن و امان کی صورتحال پر فیصلے کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ نگران وزیراعظم نے کابینہ کا اجلاس بھی آج طلب کر لیا ہے۔کابینہ اجلاس میں بھی پاک ایران تعلقات  زیربحث آئیں گے۔  پاک ایران تعلقات پر اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ 

خیال رہے کہ دو روز قبل ایران نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان کے علاقے پنگجور میں ایک گاؤں پر میزائل حملے کیے جس میں 2 بچیاں شہید اور 3 زخمی ہوگئیں۔ جس پر پاکستان نے  ایران کے حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے گزشتہ صبح ایران کے صوبے سیستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں متعدد دہشت گردوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے بھی سیستان میں پاکستانی فورسز کے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملوں میں ہلاک ہونے والے ایرانی شہری نہیں ہیں۔

مزیدخبریں