اسلام آباد: قومی اسمبلی میں واپسی کی کوشش پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف حکومت کی نئی حکمت عملی سامنے آ گئی ہے اور 35 کے بعد پی ٹی آئی کے مزید 30 ارکان کے استعفے منظور کرنے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس27 جنوری کو طلب کر لیا گیا ہے جس سے قبل پی ٹی آئی کے مزید ارکان کے استعفے منظور کئے جائیں گے اور سپیکر قومی اسمبلی جلد ہی مزید 30 ارکان کے استعفے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو بھجوائیں گے جو ایسے ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرے گا جن کے استعفے منظور کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے 35 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے پہلے ہی منظور کئے جا چکے ہیں جبکہ حکومت نے نئی حکمت عملی کے تحت مزید استعفوں کی منظوری کے معاملے پر اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لے لیا ہے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ان ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کئے جنہوں نے مجھے اطمینان دلایا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا وفد مجھ سے ملنے آیا جبکہ کچھ نے میڈیا پر آ کر استعفے سے متعلق مجھے اطمینان دلا دیا، میں نے مطمئن ہو کر ایسے ارکان کے استعفے منظور کر لئے۔
پی ٹی آئی کے مزید 30 ارکان کے استعفے منظور کرنے کی تیاری شروع
11:15 PM, 19 Jan, 2023