(ن) لیگ میں ہوں اور یہیں سے گھر جاؤں گا: شاہد خاقان عباسی

09:00 PM, 19 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نئی سیاسی جماعت بنانے سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ (ن) لیگ میں ہوں اور یہیں سے گھر جاؤں گا، میری رائے ہے کہ مشکل فیصلے کر لینے چاہئیں۔ 
تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ (ن) لیگ میں ہوں اور یہیں سے گھر جاؤں گا، (ن) لیگ سے علیحدہ ہو کر الگ گروپ بنانے کی کوئی سوچ ہے اور نہ ہی نئی سیاسی جماعت بنانے کا سوچا ہے، قیادت پارٹی سے ہی آتی ہے اور اگر جماعت غلطی کرے گی تو اس کو بھگتنا ہو گا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ سلمان شہباز نے جو ٹویٹ کیا اس کی حمایت نہیں کر سکتا جبکہ میری رائے یہ ہے کہ مشکل فیصلے کر لینے چاہئیں، اگرچہ جو بھی مشکل فیصلے کرے گا سیاسی قیمت ادا کرے گا کیونکہ مشکل فیصلوں کااثرمہنگائی کی صورت میں آئے گا، عمران خان نے کوئی فیصلے نہیں کئے اور ساڑھے 3 سال ایسے ہی گزارے۔ 
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ہی مشکل فیصلے کر سکتے ہیں، انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) ریویو مکمل کرنا ہو گا اور روپے کی قیمت کو اصل جگہ پر لانا ہو گا، عوام کو دھوکہ دے کر ووٹ لینے کا ارادہ نہیں ہے جبکہ ملکی مسائل کاحل الیکشن نہیں ہیں، آج حکومت روز مرہ کے معاملات میں دھنسی ہوئی ہے۔ 

مزیدخبریں