نگران وزیراعلیٰ کے لیے نصیر خان کا نام واپس ، نوید چیمہ کا شامل 

07:07 PM, 19 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور : پی ٹی آئی نے نگران وزیر اعلیٰ کے لیے نصیر خان کا نام واپس لے لیا ہے۔ ان کی جگہ نوید چیمہ کا نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا گیا ہے۔ 

نیو نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کی طرف سے وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے پارلیمانی کمیٹی کو سابق چیف سیکرٹری نوید چیمہ اور احمد نواز سکھیرا کا نام بھیجا ہے۔ 

ن لیگ کی طرف سے سینئر صحافی محسن نقوی اور وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر احد چیمہ کے نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے گئے ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی کے سامنے اب دونوں اطراف سے دو دو نام ہی زیر بحث آئیں گے۔

واضح رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے تقرر کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

جاری کردہ نوٹیفکیش کے مطابق اسلم اقبال، راجہ بشارت اور ہاشم جواں بخت کمیٹی میں شامل ہوں گے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے ملک احمد خان، حسن مرتضیٰ اور ندیم کامران پارلیمانی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

کمیٹی 3 روز میں وزیراعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر کی جانب سے دیئے گئے ناموں میں سے ایک پر اتفاق کرے گی اور پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق نہ ہونے پر عبوری وزیراعلیٰ کی تعیناتی کا معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا۔ الیکشن کمیشن دو دن کے اندر چار ناموں میں سے کسی ایک کو وزیر اعلیٰ بنا دے گا۔

مزیدخبریں